نئی دہلی (آن لائن )قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بولر وسیم اکرم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی بدترین پرفارمنس کی بڑی وجہ بتادی۔بھارتی سپورٹس چینل سے گفتگو میں وسیم اکرم نے کہا کہ بھارتی ٹیم ورلڈکپ جیتنے کے لیے فیورٹ تھی، لیکن مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کیخلاف میچ کے بعد، خاص طور پر شاہین آفریدی کے پہلے اوور کے بعد، وہ کبھی گیم میں واپس نہیں آسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے شکست کے بعد بہت سے ایسے بیانات آئے کہ بھارتی ٹیم کی زیادہ تر توجہ آئی پی ایل پر مرکوز رہتی ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ بھارتی کھلاڑی اپنی لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز کا سامنا نہیں کرتے اسی وجہ سے وہ بہترین پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی کھلاڑیوں نیشاذ و نادِر ہی کرکٹ کھیلی ہے ، شاہین ، حارث رئوف اور حسن علی کا سامنا بھارتی پلیئرز کبھی کبھار ہی کرتے ہیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف اچھا کھیلا، لیکن ان کے لیے ٹورنامنٹ میں واپس آنے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے بہت دیر ہو چکی تھی۔لیجنڈری بولر نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت اور دنیا بھر کی دیگر لیگز کے لیے نہ کھیلنا ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔خیال رہے کہ ویرات کوہل کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے ورلڈ کپ مہم کے آغاز میں ہی پاکستان سے 10 وکٹوں سے تاریخی شکست کا مزہ چکھا تھا، جبکہ وہ نیوزی لینڈ کو بھی شکست دینے میں ناکام رہی تھی۔#/s#