اتوار‬‮ ، 24 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

جو ریاست اپنے جج کو نہ بچا سکے

datetime 7  اگست‬‮  2015
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

طاہر خان نیازی بدھ 5 اگست 2015ءدن دو بجے تک راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تھے‘ عدالتوں میں اگست کے مہینے میں سالانہ تعطیلات ہوتی ہیں‘ یہ بھی دوسرے ججز کی طرح چھٹی پر تھے‘ یہ راولپنڈی میں سیٹلائٹ ٹاﺅن کے سی بلاک میں رہائش پذیر تھے‘ پونے دو بجے ان کے گھر میں تین مسلح لوگ داخل ہوئے‘ جج صاحب کو پہچانا‘ ان کی پسلی پر سیون ایم ایم کی رائفل رکھی اور گولی چلا دی‘ گولی پسلی میں پیوست ہوئی اور گھٹنے سے باہر نکل گئی۔ اسلحے سے واقف لوگ جانتے ہیں‘ سیون ایم ایم کی گولی جسم میں داخل ہو کر گھومتی ہے اور اس کے راستے میں جسم کا جو عضو آتا ہے‘ یہ اسے قیمہ بنا کر آگے چلی جاتی ہے‘ گولی نے نیازی صاحب کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا‘ ان کے جسم کے تمام ”کور آرگنز“ اڑ گئے‘ یہ گرے اور تڑپنے لگے‘ قاتل موٹر سائیکل پر بیٹھے اور فرار ہو گئے‘ یہ سیدھی سادی ٹارگٹ کلنگ تھی‘ کیوں؟ کیونکہ نیازی صاحب کا گھر بند گلی کے آخری سرے پر ہے‘ ڈاکو عموماً ایسے گھروں میں ڈاکے نہیں ڈالتے کیونکہ اس میں ان کے گھیرے جانے‘ پھنسنے اور پکڑے جانے کا خطرہ ہوتا ہے‘ ڈاکو ڈاکے کے دوران سیون ایم ایم رائفل بھی استعمال نہیں کرتے کیونکہ یہ رائفل اٹھانا‘ لانا اور گھر میں تنگ جگہ پر کھڑے ہو کر چلانا مشکل ہوتی ہے اور تین ڈاکو عموماً ڈکیتی سے پہلے ریکی کرتے ہیں‘ یہ ریکی کرتے تو یہ جان لیتے ‘یہ گھر سیشن جج کا ہے اور ڈاکو عموماً ججوں کے گھروں میں بھی ڈاکے کا رسک نہیں لیتے کیونکہ سیشن ججوں کے پاس سیکورٹی بھی ہوتی ہے اور پولیس بھی ان کے خلاف ہونے والے جرائم میں ایکٹو ہو جاتی ہے چنانچہ آپ جس بھی زاویئے سے دیکھیں‘ آپ کو یہ واردات ٹارگٹ کلنگ دکھائی دے گی‘ اب سوال یہ ہے‘ طاہر خان نیازی کو کس نے اور کیوں قتل کیا؟ ہم اس سوال کا جواب تلاش کرنے سے پہلے طاہر خان نیازی کا پروفائل دیکھتے ہیں۔ نیازی راولپنڈی کے رہائشی تھے‘ اسی شہر میں تعلیم حاصل کی‘ اسی شہر میں وکالت کی پریکٹس کی اور پھر اسی شہر میں 1998ءمیں سول جج ہو گئے‘ جج عموماً اپنے شہر میں پوسٹنگ پسند نہیں کرتے‘ کیوں؟ کیونکہ اپنے شہر میں ان کی برادری اور دوست احباب ہوتے ہیں اور یہ لوگ نہ نہ کرتے بھی انصاف کے راستے میں رکاوٹ بن جاتے ہیں لیکن طاہر خان نیازی مختلف انسان تھے‘ یہ جی بھر کر ایماندار اور افسانوی حد تک بہادر انسان تھے‘ یہ ہمیشہ اپنے شہر میں رہے اور انصاف کے معاملے میں کسی کی سفارش سنی اور نہ ہی کبھی دباﺅ میں آئے‘ یہ سیکورٹی کا خیال بھی نہیں رکھتے تھے‘ دبنگ آدمی تھے‘ کھلے عام پھرتے تھے اور کسی ترغیب میں نہیں آتے تھے‘ گھر ذاتی تھا اور یہ اس ذاتی گھر میں رہتے تھے‘ یہ ان چند ججوں میں بھی شمار ہوتے تھے جن کا احترام جج کمیونٹی بھی کرتی تھی اور وکلاءبھی۔ یہ ان کے احترام کی دلیل ہے کہ ان کے قتل کے بعد بار نے تین دن کی ہڑتال کر دی اور وکلاءمسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔
اب سوال یہ ہے طاہر خان نیازی کو کس نے قتل کیا اور کیوں قتل کیاگیا؟ آپ یہ سوال طاہر خان نیازی کے سٹاف‘ ان کے کولیگ ججوں اور راولپنڈی کے نامور وکلاءسے پوچھ لیں‘ آپ کو فوراً قاتل کا نام معلوم ہو جائے گا‘ کیوں؟ کیونکہ طاہر خان نیازی نے بھری عدالت میں بتایا تھا ” مجھے فلاں سائیڈ سے دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن میں پیچھے نہیں ہٹوں گا‘ جان اللہ کی امانت ہے‘ ڈرنے کی کیا ضرورت ہے“۔ آپ ان کے ریڈر سے پوچھ لیں‘ آپ ان کے جونیئر ساتھیوں سے پوچھ لیں یا پھر ان کے خاندان کے لوگوں سے پوچھ لیں‘ ریاست کو معاملے کی تہہ تک جاتے دیر نہیں لگے گی‘ طاہر خان نیازی کی کسی شخص کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی‘ یہ واردات ڈکیتی بھی نہیں تھی‘ یہ فرقہ وارانہ ایشو بھی نہیں تھا لہٰذا پھر نیازی صاحب کو کیوں قتل کیا گیا؟ بات یقینا ان کے کورٹ روم میں جائے گی اور ریاست جس دن ان کے کورٹ روم کو تفتیش کا حصہ بنائے گی‘ یہ قاتل تک پہنچ جائے گی! نیازی صاحب کا قاتل کون تھا؟ میں ریاست کو ان کا قاتل سمجھتا ہوں‘ کیوں؟ کیونکہ لوگ ریاست کے سامنے دس سال سے قتل ہو رہے ہیں‘ کیا دس برسوں میں فوجی اداروں پر حملے نہیں ہوئے‘ کیا جی ایچ کیو پر حملہ نہیں ہوا‘ کیا مہران بیس اور کامرہ ائیر بیس کو نشانہ نہیں بنایا گیا‘ کیا آئی ایس آئی‘ آئی بی اور سپیشل برانچ کے دفتروں کو نہیں اڑایا گیا‘ کیا ایف سی اور رینجرز کے ٹریننگ سنٹروں اور قافلوں پر حملے نہیں ہوئے‘ کیا حاضر سروس جرنیل خودکش حملوں میں شہید نہیں ہوئے‘ کیا پولیس کے ٹریننگ سنٹروں‘ تھانوں اور گاڑیوں کو نہیں اڑایا گیا اور کیا سیاستدانوں کو خودکش حملوں میں شہید نہیں کیا گیا؟ ہمیں یہ ماننا پڑے گا یہ دس سال ہماری تاریخ کے سیاہ ترین دن تھے اور ان سیاہ ترین دنوں میں مسجدیں بچیں‘ امام بار گاہ‘ جلوس‘ اجتماعات‘ پولیس‘ فوج‘ سیاستدان اور نہ ہی وکلاءاور جج بچے اور ہماری تاریخ کے ان دس برسوں نے ملک میں ہر اس شخص کو یہ پیغام دیا جس کے ہاتھ میں پستول یا رائفل تھی ” تم ملک میں کسی بھی ادارے یا شخصیت کو گولی مار دو‘ ملک کا کوئی ادارہ‘ کوئی شخص تمہارا ہاتھ نہیں روکے گا‘ تمہیں گرفتار بھی نہیں کیا جائے گا اور اگر تمہیں گرفتار کر لیا گیا تو ملک کا کوئی جج تمہیں سزا سنانے کی جرا¿ت نہیں کرے گا اور اگر کسی طاہر خان نیازی جیسے جج نے یہ جرا¿ت کر بھی لی تو بھی ریاست تمہیں پھانسی چڑھانے کی ہمت نہیں کرے گی“۔ یہ پیغام دس برسوں میں ملک کے ہر اس شخص تک پہنچا جس کے پاس پستول تھی‘ جو کسی نہ کسی مافیا کا حصہ تھا‘ جو بے روزگار تھا یا جس کا کسی فرقے کے ساتھ تعلق تھا اور وہ فرقہ دوسرے فرقے کے لوگوں کو قتل کرنا عبادت سمجھتا تھا‘ یہ پیغام روز دیا جاتا تھا اور روز سنا جاتا تھا لیکن ریاست کیا کرتی تھی؟ ریاست خاموشی سے تماشہ دیکھتی تھی‘ آپ ریاست کی کمزوری ملاحظہ کیجئے‘ ملک اسحاق پندرہ سال جیلوں اور عدالتوں میں رہا مگر وکلائ‘ جج اور ریاست اس پر کوئی جرم ثابت نہیں کر سکی‘ اس دوران 72 ججوں اور گواہوں نے پیش ہونے اور کیس سننے سے انکار کیا‘ ملک اسحاق کو جس بھی عدالت میں پیش کیا جاتا تھا‘ اس عدالت کا جج چھٹی لے لیتا تھا‘ نوکری چھوڑ دیتا تھا یا پھر مقدمہ سننے سے معذرت کر لیتا تھا‘ یہ شخص اس قدر اہم اور مضبوط تھا کہ 10 اکتوبر 2009ءمیں جب جی ایچ کیو پر حملہ ہوا تو ہماری ریاست ملک اسحاق کو خصوصی طیارے پر راولپنڈی لانے پر مجبور ہو گئی‘ ملک اسحاق نے حملہ آوروں کے ساتھ مذاکرات کئے اور یوں حملہ آور جی ایچ کیو سے پیچھے ہٹے۔ ہماری ریاست کس قدر مضبوط ہے‘ آپ اس کا اندازہ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل سے لگا لیجئے‘ یہ درست تھا سلمان تاثیر کے رویئے بھی ٹھیک نہیں تھے‘ وہ بھی بولتے‘ اٹھتے اور چلتے پھرتے اپنی عمر اور عہدے دونوں کا خیال نہیں رکھتے تھے لیکن وہ اس کے باوجود ملک کے سب سے بڑے صوبے کے گورنر تھے‘ وہ ریاست کی عزت اور توقیر کی علامت تھے مگر ریاست اپنی توقیر‘ اپنی عزت کو قتل ہونے سے بچا سکی اور نہ ہی آج تک اس کے قاتل کو سزا دے سکی‘ سلمان تاثیر کا قاتل واردات کے بعد معتبر ہستی بن گیا‘ لوگوں نے اسے غازی علم دین شہید بنا دیا اور ریاست خاموش رہی‘ ریاست جب اس بے نظیر بھٹو کو نہ بچا سکے جو ملک کی دو بار وزیراعظم رہیں اور جو شہید ہونے تک ملک کی سب سے بڑی پارٹی کی قائد بھی تھیں اور ریاست جب محترمہ کے قتل کے بعد اس کے قاتلوں کو گرفتار کر سکے اور نہ ہی انہیں سزا دے سکے اور ریاست کو جب یہ علم نہ ہو دنیا کا مطلوب ترین شخص اسامہ بن لادن کس راستے سے ہوتا ہوا ایبٹ آباد پہنچا اور وہ سات آٹھ برس چھاﺅنی ایریا میں پناہ گزین رہا اور ریاست کو جب دو مئی 2011ءکو امریکی ہیلی کاپٹروں کا علم نہ ہو سکے اور جب علم ہو اور اس نالائقی پر تحقیقاتی کمیشن بن جائے اور پھر اس کمیشن کی رپورٹ سامنے آئے اور نہ ہی رپورٹ میں موجود ذمہ داروں کو سزا ہوا اور ریاست میں جب بنوں اورڈی آئی خان کی جیلیں ٹوٹ جائیں اور طالبان بنوں جیل سے 383 اور ڈی آئی خان کی جیل سے 248 ملزموں کو چھڑا لے جائیں اور ریاست ان لوگوں کو آنے سے روک سکے اور نہ ہی جانے سے اور جب غیر ملکی نشریاتی ادارے یہ دعویٰ کر دیں ملا عمر کراچی کے ایک ہسپتال میں فوت ہوئے تھے تو پھر ریاست کا کیا بھرم رہ جائے گا‘ اس کا کیا امیج رہے گا اور اگر اس امیج کے بعد بھی کوئی شخص طاہر خان نیازی کو گھر میں گھس کر گولی نہیں مارتا تو کیا وہ شخص بے وقوف نہیں ہوگا؟ کیا وہ دنیا کا بزدل ترین شخص نہیں ہوگا؟ میں اس ریاست‘ اس پوری حکومت اور اس پورے نظام کو طاہر خان نیازی کا قاتل سمجھتا ہوں‘ کیوں؟ کیونکہ جو ریاست اپنے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو نہ بچا سکے‘ جو ریاست اپنے ججوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کر سکے‘ اس ریاست کو قاتل ڈکلیئر ہونا چاہیے! کیا میرا دعویٰ غلط ہے؟ آپ دل پر ہاتھ رکھ کر جواب دیجئے‘ کیا طاہر خان نیازی عین اس دن قتل نہیں ہوئے جس دن سپریم کورٹ نے اٹھارہویں اور اکیسویں ترمیم کی تصدیق کی‘ جس دن سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک میں ملٹری کورٹس کو جائز قرار دے دیا تھا اور کیا یہ قتل یہ ثابت نہیں کرتا ہمارے ملک میں قانون شکن دندناتے پھر رہے ہیں اور ہم خواہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کتنے ہی اتحاد قائم کر لیں ہم ان کا حوصلہ نہیں توڑ سکیں گے۔
ملک میں 21 ویں ترمیم منظور کرنے والو اور اس ترمیم کی تصدیق کرنے والو! آپ اپنے دروازے کھول کر دیکھو‘ آپ کی دہلیز پر طاہر خان نیازی کی لاش پڑی ہے‘ آپ یہ لاش دیکھیں‘ آپ اس لاش کے ماتھے پر لکھی تحریر پڑھیں‘ کیا یہ لاش آپ سے یہ نہیں کہہ رہی ‘جو ریاست اپنے جج کی حفاظت نہ کر سکے‘ جو ریاست اپنے جج کو انصاف نہ دے سکے‘ اس ریاست کو ریاست کہلانے کا کوئی حق نہیں ہوتا‘ خواہ اس ریاست کے گلے میں ترامیم کے کتنے ہی ہار اور اس کے سر پر متفقہ فیصلوں کے کتنے ہی تاج کیوں نہ ہوں‘ یہ لاش وزیراعظم اور چیف جسٹس سے کہہ رہی ہے‘ آپ اگر ججوں کی حفاظت نہیں کر سکتے تو آپ ان سے انصاف کی توقع کیوں کرتے ہیں؟ کیا چیف جسٹس‘ کیا وزیراعظم انصاف کی اس لاش کو جواب دیں گے؟ اگر آپ زندہ ہیں‘ اگر اس ریاست کی رگوں میں جان باقی ہے تو پھر اسے طاہر خان نیازی کی عدالت میں پیش ہو کر اس سوال کا جواب دینا ہو گا۔



کالم



شیطان کے ایجنٹ


’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)

آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…