اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں خاتون سے ڈکیتی اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار دو افغان ملزمان مبینہ طور پر پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زیرِ حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان کی نشاندہی پر پولیس ٹیم دیگر ملزمان کی گرفتاری اور واردات سے متعلق شواہد برآمد کرنے کے لیے راول ٹاؤن کے قریب ایک کباڑ خانے پہنچی تھی۔ اس دوران جنگل میں چھپے چار مسلح افراد نے زیرِ حراست ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کردی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران عبداللہ اور ملہے خان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوگئے، جبکہ بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی انتظامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان افغان شہری تھے اور انہیں تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں پیش آنے والے ایک واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ان پر خاتون سے موبائل فون چھیننے، زیادتی کی کوشش کرنے اور اسے زخمی کرنے کے الزامات تھے۔ دونوں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے۔واقعے کے بعد فائرنگ کرنے والے چاروں ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















































