بہاولنگر(این این آئی) پٹرول کی قیمت 40 روپے کرنے کے دعویدار وزیر خزانہ تاحال پٹرولیم مصنوعات کو 70 روپے لیٹر تک لانے میں بھی ناکام ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیر خزانہ کے پاس سوائے باتیں کرنے کے عملی کام کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے جس کی وجہ سے
غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کے صدر چوہدری ساجد سدھو نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت ہر گزرتے دن کیساتھ آسمان کو چھو رہی ہے پالیسی میکر کیا کررہے ہیں کسی کو کچھ معلوم نہیں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑتی جارہی ہیں سرمایہ کاری‘ رْک گئی ہے ساجد سدھو نے کہا کہ وزیر خزانہ جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بہت بڑے معاشی ماہر ہیں مگر موجودہ حالات میں تو معیشت کا بیڑہ غرق ہورہا ہے کسی کو کچھ سمجھ نہیں آرہی کہ ڈالر کہاں جاکر رکے گا جس کی وجہ سے پاکستانی کرنسی ٹکا ٹوکری ہوکر رہ گئی ہے ساجد سدھونے کہا کہ اگر فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو عوام مجبوراً سڑکوں پر ہونگے اور حکومت کیلئے انہیں سنبھالنا مشکل ہوگا اس لئے حکومت فوری طور پر عوام کو تکلیف کی بجائے ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے۔