پشاور (آن لائن )پاکستان پیپلزپارٹی نے میئر پشاورکے انتخابات کے نتائج میں غیرمعمولی تاخیر کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے میئر پشاور کے انتخابات میں 14 سے زائد پریذائیڈنگ افسران کی گمشدگی کا الزام لگاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پتہ کرے کہ ایک دن میں 14 پریذائیڈنگ افسر ابھی تک
آر او آفس کیوں نہیں پہنچے ، پریذائیڈنگ افسروں کو زمین نگل گئی کہ آسمان کھا گیا؟۔اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 14 سے زائد پریذائیڈنگ افسران کی گمشدگی کا نوٹس لے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں نا مکمل فارم 45 جاری کرنے پر الیکشن کمیشن کو شکایت بھی بھیجی تھی۔