اسلام آباد(سپیشل رپورٹ:زاہد منیر)پاکستان میں غیر معمولی عوامی پذیرائی کے حامل جنرل راحیل شریف پاکستان آرمی کے سپہ سالا ر کی حیثیت سے اس وقت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد مقام رکھتے ہیں ، جنرل راحیل شریف 16جون 1956ءکو پاکستان کے ایک معروف فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے ، جن کے عزم و استقلال اور ہمت کی داستانیں پاکستانیوں کیلئے قابل فخر ہیں ،میجر محمد شریف کے سپوت جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف 1971ءکی پاک بھارت جنگ میں شہید ہوئے جنہیں حکومت پاکستان کی طرف سے سب سے بڑا ملٹری ایوارڈ نشان حیدر دیا گیا ،جنرل راحیل شریف وطن عزیز کی خاطرجان قربان کرنے والے 1965کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے بھتیجے ہیں ، جنرل راحیل شریف دو بہنوں اور تین بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں،27نومبر2013کو پاکستانی فوج کے سپہ سالار کی کمان سنبھالنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے وطن عزیز کو درپیش مسائل خصوصاً دہشتگری کے ناسور سے چھٹکارا دلانے کیلئے بہادری سے وہ فیصلے کیے ہیں جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ، عسکریت پسندوں کے خلاف جاری ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کا سہرا پاک فوج کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کے سر جاتا ہے ، ہر پاکستانی اس بہادر سپوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔