ریاض (این این آئی)سعودی عرب سال 2002 کے عرب امن اقدام کی بنیاد پر اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لانے کو تیار ہے۔ترک نشریاتی ادارے کی رپورٹ
کے مطابق مملکت کے اقوامِ متحدہ کے لیے مستقل مندوب عبداللہ المعلمی نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ریاض عرب اقدام برائے امن کے حوالے سے پرعزم ہے۔عبداللہ المعلمی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سرکاری اور حالیہ پوزیشن یہ ہے کہ اسرائیل جتنی جلدی 2002 میں پیش کردہ سعودی امن اقدام کے عناصر پر عملدرآمد کرے ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کو تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اسرائیل اس اقدام پر عملدرآمد کرلے گا اسے نہ صرف سعودی عرب بلکہ اسلامی تعاون تنظیم کے تمام 57 ممالک اور پوری مسلم دنیا تسلیم کرلے گی۔مندوب کا کہنا تھا کہ وقت درست یا غلط کو تبدیل نہیں کرتا، اسرائیل کا فلسطینی علاقوں پر قبضہ غیر قانونی ہے چاہے وہ کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو۔