لندن (اے ایف پی)کورونا کی جنوبی افریقی قسم اومی کرون کا عالمی معیشت پر حملہ ،تیل کی قیمتیں گر گئیں،اہم اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی،اومی کرون کا کیس سامنے آنے کے بعد چین سمیت کئی ممالک میں جزوی لاک ڈائون اور نئی
پابندیوں کے خدشہ کے سبب برینٹ کروڈ آئل 1.3فیصد کم ہوکر73.39ڈالر فی بیرل اورویسٹ ٹیکساس 1.4 فیصد کم ہوکر 70.33ڈالرفی بیرل پر آگیا،نیو یارک ڈائو،یورو اسٹاکس،لندن ایف ٹی ایس ای،فرانکفرت، پیرس، ٹوکیو، ہانگ کانگ اور شنگھائی اسٹاکس میں کمی ریکارڈ کی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق جنوبی افریقی کورونا اومی کرون کے معاشی سرگرمیوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر منگل کوتیل کی قیمتیں مزید گر گئی اور تقریباً تمام ہی بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی دیکھی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو شدید نقصان ہوا ،چین میں اومی کرون کے نئے کیس سامنے آنے کے بعدجزوی لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے خدشےنے طلب کے خدشات کو بڑھادیاہے۔ نیو یارک میں ڈاؤ جونز انڈیکس 0.2 فیصد کی کمی کا شکار رہا ۔لندن کا بینچ مارک ایف ٹی ایس ای انڈیکس بھی 0.2فیصد کمی کا شکار رہا۔