ویانا(این این آئی)یورپی ملک آسٹریا کی عدالت نے بزرگ مریض کی غلط ٹانگ کاٹنے پرخاتون سرجن پر 2700یورو کا جرمانہ عائد کر دیا۔ فرانسیسی میڈیا
کے مطابق آسٹریا کی عدالت کے جج نے 82سالہ مریض کی بائیں ٹانگ کی بجائے اس کی دائیں ٹانگ کاٹنے پر43سالہ خاتون سرجن کو سنگین غفلت کا مرتکب پایا اور اس پر 2,700یورو جرمانہ عائد کر دیا تاہم بعد میں اس کا نصف جرمانہ معطل کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے مریض کی بیوہ کو بھی 5 ہزار یورو ہرجانے سے نوازا۔رپورٹ کے مطابق رواں سال مئی میں مریض اپنی ٹانگ کٹوانے کیلئے آسٹریا کے شہر فریسٹاڈ کے ایک کلینک گیا جہاں سرجن نے اس کی بائیں ٹانگ کی بجائے اس کی دائیں ٹانگ پر نشان لگا یا تھااور آپریشن کے بعد معمول کی پٹی کی تبدیلی کے دوران اس غلطی کی نشاندہی کی گئی اور مریض کو بتایا گیا کہ اسے اپنی دوسری ٹانگ بھی کٹوانی ہوگی۔