اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ( ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد کاشف کی جعلی ڈگری پر نااہلی سے متعلق اسلام آباد کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ عدالت عظمی نے (ن) لیگی رہنما محمد کاشف کی جعلی ڈگری پر نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں
تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ ( ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد کاشف کی جعلی ڈگری پر نااہلی سے متعلق اسلام آباد کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت مخالف فریق کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے محمد کاشف کو جعلی ڈگری پر نا اہل کیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف محمد کاشف نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی، محمد کاشف نے مخالف درخوستگزار عبد الغفار کیساتھ سمجھوتے کی بنیاد پر انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی،مخالف درخواست گزار سے سمجھوتے کے بعد محمد کاشف کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا راستہ بند ہو گیا، محمد کاشف کی جانب سے قانونی عمل کے برخلاف عدالت عظمی میں اپیل دائر کی گئی، استدعا ہے کہ اپیل مسترد کی جائے۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد کاشف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ جعلی ڈگری پر میرے موکل کی نااہلی سے متعلق فیصلہ اسلام آباد
ہائیکورٹ نے دیا ، میرے موکل کیخلاف کیس سننا اسلام آباد ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا تھا، ممبر پنجاب اسمبلی کی نا اہلی کا کیس سننا لاہور ہائیکورٹ کا اختیار ہے۔ جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کامیابی کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن نے جاری کیا، الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کا نا اہلی کیس سننے کا
اختیار ہے،محمد کاشف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے انٹرا کورٹ اپیل واپس لیکر بھی سنگین غلطی کی۔ عدالت عظمی نے مسلم لیگ ( ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد کاشف کی جعلی ڈگری پر نااہلی سے متعلق اسلام آباد کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کیخلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے محمد کاشف 2018
کے عام انتخابات میں بہاولنگر کے حلقہ پی پی 241 سے کامیاب قرار پائے تھے ، مخالف فریق نے محمد کاشف کی جعلی ڈگری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے محمد کاشف کو جعلی ڈگری پر نا اہل قرار دیا تھا ،محمد کاشف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔