دبئی(این این آئی) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایک بار پھر سیاست میں آنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف آپشنز پر غور کررہا ہوں، کچھ لوگ چاہتے ہیں میں سیاست اور ملک میں واپس نہ آئوں کیونکہ میرے آنے سے انکی دکانیں بند ہوجائیں گی۔ ایک انٹرویو
میں انہوں نے کہاکہ کراچی اور پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہوں اور مختلف آپشنز پر غور کررہا ہوں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مسائل کے مستقل حل کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چاہتا ہوں کہ سیاسی استحکام ہو، ملکی مفاد کے لیے تمام لوگوں کو کراچی کے حوالے سے ملکر اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہوگاسابق گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مختلف رہنماؤں سے بات چیت ہوتی ہے ، سب کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے کوششیں ہونی چاہیے ، کراچی میں سیاسی خلاء ہے ، عوام کی خواہش ہے کہ کراچی کے لوگ متحد ہوکر اگے بڑھیں اور کام کریں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم میں اچھے اورپڑھے لکھے لوگ ہیں ، خالد مقبول ، فاروق ستار ، فروغ نسیم ، رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیر احمد ، وسیم آفتاب سمیت اچھے چہروں کو آگے آنا چاہیے ،ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے میں تمام پارٹیاں ناکام ثابت ہوئی ہیں اور کراچی میں بیڈ گورننس کی مثال قائم ہے ، کچھ لوگ چاہتے ہیں میں سیاست اور ملک میں واپس نہ آئوں کیونکہ میرے آنے سے انکی دکانیں بند ہوجائیں گی۔