اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ غیر ملکی این جی اوز کو باقاعدہ بنانے کیلئے ایک پالیسی کا اعلان جلد کیا جائیگا ۔ اسلام آباد میں کنیڈین ہائی کمشنر مس ہیترکروڈن سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز کو اپنے اپنے شعبوں میں موثر طریقے سے کام کرنے کا موقع ملے گا ۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف پالیسیوں کی بدولت خطے میں بھی امن یقینی ہو گا ۔ انہوں نے سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بین الاقوامی برادری کی کوششوں کو سراہا ۔ وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق پنجاب ہائوس میں ہونیوالی ملاقات میں سیکیورٹی تعاون ، علاقائی امور اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ کینڈا کے ہائی کمشنر نے سماجی و اقتصادی ترقی اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پاکستان کو اپنے ملک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے