اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئندہ 5اکتوبر کو صارفین کے گیس بل میں 25فیصد اضافہ ہو گا۔ ستمبر کے گیس بل جو کہ گھریلو‘ کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے تیار ہونگے وہ 2430روپے فی ایم ایم بی ٹی یو (ملین ملین برٹش تھرمل یونٹ) کے ریٹ پر بنیں گے۔ اس میں 17فیصد
جنرل سیلز ٹیکس الگ ہو گا۔ 31اگست 2021ء تک استعمال کی گئی گیس کے بل حسب سابق 1800روپے ایم ایم بی ٹی یو کے ریٹ پر جاری کئے جائیں گے۔روزنامہ جنگ میں حنیف خالد کی شائع خبر کے مطابق وزارت پٹرولیم اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی غفلت‘ نااہلی اور عاقبت نااندیشی کی وجہ سے پاکستان نے جون 2021ء میں آنے والے ایل این جی کے ٹینڈر مسترد کئے جو اس وقت 11ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ستمبر 2021ء میں گیس کی فراہمی کیلئے دیئے گئے تھے۔ اسی طرح وسط جولائی 2021ء میں 13ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کے ٹینڈر بھی ناتجربہ کار بیورو کریسی نے مسترد کر دیئے اور ٹینڈر کیلئے نئی تاریخ دی۔ وزارت پٹرولیم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے 26‘ 27جولائی کو جو ٹینڈر ہوا‘ اس میں 15ڈالر فی 30سینٹ ایم ایم بی ٹی یو کا ٹینڈر اسی ادارے نے قبول کیا جس نے جون 2021ء میں گیارہ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کا ٹینڈر مسترد کیا تھا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 15ڈالر فی سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو کے آل ٹائم ریکارڈ مہنگے ریٹ پر آئندہ ماہ کیلئے گیس کی سپلائی کے ٹینڈر منظور ہوئے۔