لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت اس لئے زیادہ ہے کیونکہ عمران خان کی اے ٹی ایمز نے ڈاکہ ڈالا، رنگ روڈ سکینڈل پر وزیراعظم کو سانپ سونگھا ہوا ہے، ہر ماہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ اسکینڈل میں پرچہ سرور خان اور زلفی بخاری کیخلاف کیوں نہیں ہوا، شیخ رشید کا فارم بھی رنگ روڈ پر ہے، ان کے خلاف کسی نے پرچہ نہیں دیا، وزیر کبھی گھوڑے پر کبھی کشتی پر بیٹھ کر عوام کا مذاق اڑاتے ہیں، حکومت نے کرپشن کے ساتھ دھاندلی کے بھی ریکارڈ قائم کئے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی انتقام کیلئے کیس بنا رہے ہیں،شہزاد اکبر کی پرانی باتیں دہرا کر کیس کو پیچیدہ کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔