لاہور( این این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں کلائوڈ برسٹ کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کلائوڈ برسٹ کو رین گش
اور رین گسٹ بھی کہا جاتا ہے، اگرکسی چھوٹے علاقے میں مختصر وقفے میں شدید بارش ہوجائے تو اسے کلائوڈ برسٹ کہا جاتا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ مخصوص علاقے میں ایک گھنٹے میں کم سے کم 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جائے لیکن بدھ کو اسلام آباد کے کسی بھی علاقے عین ایک یا دو گھنٹے کے دوران 121 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ نہیں ہوئی ، کلائوڈ برسٹ میں غیرمعمولی بجلی اور بادلوں کی گرج بھی پیدا ہوتی ہے۔محکمہ موسمیات کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت آب و ہوا میں تبدیلیوں کے شکار ممالک میں سر فہرست ہے اور یہاں دو مظاہر نمایاں ہیں، اول اوسط درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور دوم بارشوں کا معمول شدید متاثر ہوا ہے جسے ایریٹک پیٹرن کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں بعض موسمیاتی اسٹیشن سوسال سے بھی پرانے ہیں جن سے حاصل شدہ ڈیٹا بتاتا ہے کہ ملک میں اوسط درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے۔