لاہور(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) 5 روپے اضافے کے بعد ایل پی جی کی سرکاری قیمت 160 فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن فائونڈرچیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے اور پولیس اور سرکاری اہلکاروں
کی سرپرستی میں ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ جاری ہے۔عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی گیس اضافے کے بعد 165 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور گھریلو سلنڈر 1950 میں فروخت ہورہا ہے، کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 225 اضافہ کیا گیا ہے، اور کمرشل سلنڈر 7490 میں فروخت جاری ہے، جبکہ گلگت میں گیس کی قیمت 185 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق شہباز گل نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے ، لائٹ ڈیزل ایک روپے 27 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 39 پیسے اضافے کی منظوری دیدی گئی ہے۔شہباز گل کا کہناتھا کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11 روپے 40 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی۔قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ ا ن کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی خواہش کے برعکس عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔