لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے کوہ نور ہیرا واپس پاکستان لانے سے متعلق درخواست سماعت یکم جولائی کیلئے مقرر کردی۔ جسٹس شاہد وحید بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کریں گے۔ درخواست گزار نے وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ برطانیہ نے یہ ہیرا مہاراجہ رنجیت سنگھ کے پوتے دلیپ سنگھ سے چھینا تھا اور اسے برطانیہ لے جایا گیا تھا، جب 1953 میں ملکہ الزبتھ ثانی نے برطانیہ کا تخت سنبھالا تو یہ ہیرا ان کے تاج کا حصہ تھا، ملکہ الزبتھ کوہِ نور نامی اس ہیرے پر کوئی حق نہیں رکھتیں، کوہ نور ہیرے کا وزن 105 قیراط ہے اور اس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے، کوہِ نور پنجاب صوبے کا ثقافتی ورثہ ہے اور اس کے شہری اس کے اصل مالک ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو یہ ہیرا برطانوی حکومت سے واپس لانے کا حکم دے۔