کراچی (نیوزڈیسک) سندھ کے جنوبی حصوں اور ساحلی علاقوں میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لےے پاک بحریہ کی ریسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔سجاول ، اورماڑہ، گوادر اور کراچی میں موجود پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں بر وقت مدد پہنچانے کے لےے مکمل طور پر تیا ر ہیں۔ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کی پروونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مقامی حکومتوں سے بھی مسلسل رابطہ قائم کےے ہوئے ہے ۔ مزید برآں، نیول ہیڈ کوارٹرز میں موجود کرائسز مینجمنٹ سنٹر ، جوائنٹ سروسز ہیڈ کوارٹرز کے جوائنٹ کرائسز مینجمنٹ سنٹرکی معاونت سے سیلاب کی صورتحال ،فلڈ ریلیف کی تیاریوںاورممکنہ امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہاہے۔ قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت ، متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی ، گمشدہ افراد کی تلاش اور متاثرین کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لےے پاک بحریہ کی ریسیکیو ٹیمیں سازو سامان کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہیں۔