کراچی(این این آئی) سابق ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے را سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں سے رابطے کے الزام میں سی ٹی ڈی میں پیش ہوکر عائد الزامات کی تردید کردی۔تفصیلات کے مطابق راسے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں سے رابطے کے الزام میں سابق
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سی ٹی ڈی سول لائنز پہنچے ، سی ٹی ڈی حکام نے فاروق ستار کے تمام ساتھیوں کوباہرروک دیا اور صرف2افراد محمداکبرایڈووکیٹ اورسیداظہرہاشمی کو ہمراہ لے جانے کی اجازت دی گئی۔ڈاکٹرفاروق ستار سی ٹی ڈی کے سامنے پیش ہوئے ، سی ٹی ڈی انسپکٹر ظفرعباس کی سربراہی میں ٹیم نے فاروق ستار سے انکوائری کی ، ڈاکٹر فاروق ستارسے 45منٹ تک تفتیش کی گئی۔سی ٹی ڈی کے 3 افسران نے فاروق ستار سے 21 سوالات کیے ، فاروق ستار کے وکیل اورساتھی کوسوالات کے دوران الگ کمرے میں بٹھایا گیا، تفتیش کے دوران فاروق ستار نے ملزمان کے بیان میں عائد الزامات ، ملاقاتوں اوررابطوں کی تردید کردی۔فاروق ستار12بجکر15 منٹ پرداخل ہوئے اور 12بجکر55منٹ پرواپس آئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دوبارہ ضرورت پڑنے پر فاروق ستار کو طلب کیا جائے گا۔سی ٹی ڈی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات ہورہی ہے2 یا 3 ملزمان ہیں مجھے نہیں معلوم، انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ اپنی وابستگی ظاہر کی، ملزمان نے کسی میٹنگ یاکسی جگہ میراکوئی حوالہ دیا، میرے سامنے جوحوالے لائے گئے ان کی تردید کی۔فاروق ستار نے کہا کسی بھی موقع پرتعاون چاہیے توخدمات حاضرہیں، 23اگست کی پریس کانفرس میں اسی پالیسی کوبیان کیا تھا، ہم ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔