کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شجاعت میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 8افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس کے علاقے خیابان شجاعت میں پیش آیا ، جہاں سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کی،
فائرنگ سے سات افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کی شناخت محمد یوسف، محمداکبر ،محمد زاہد ،محمد شہزاد،اویس ،فرحان اور شہزاد کے ناموں سے کی گئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زخمیوں کے چہرے اور بازو پر زخم آئے ہیں، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ ایم نذیر کے مطابق گھر میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران عملے کا سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں گارڈ نے فائرنگ کر دی۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔