کراچی (این این آئی) شاہ لطیف ٹاون سے گرفتار دہشت گردوں سے ابتدائی تحقیقات سندھ اسمبلی و دیگراہم مقامات کو نشانہ بنائے جانے کا انکشاف سامنے آیا تاہم مزید تحقیقات کی جا ری ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاون سے گرفتار دہشت گردوں نے تفتیش میں
تہلکہ خیز انکشافات کئے ،ابتدائی تحقیقات میں سندھ اسمبلی و دیگراہم مقامات کو نشانہ بنائے جانیکا انکشاف سامنے آیا۔دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ ہمارا ہدف سندھ اسمبلی تھی ، سندھ اسمبلی کے بعد کچھ اہم مقامات کو ٹارگٹ کرنا تھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ،حساس ادارے دہشتگردوں سے مسلسل تفتیش کررہے ہیں، کراچی سے گرفتار دہشت گردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھی۔تفتیشی ذرائع نے کہا شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار دہشتگرد افغانی ہیں ، دہشت گردوں کے گروپ کو افغانستان سے آپریٹ کیا جا رہاتھا، اس حوالے سے موبائل فون اور کمیونی کیشن ڈیٹا حاصل کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق بارود سے بھرا رکشہ اور خودکش جیکٹس تیار کی گئی تھی ، دہشت گرد سندھ اسمبلی پر حملے کی مکمل تیاری کر چکے تھے تاہم گرفتار دہشت گردوں سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔یاد رہے انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شاہ لطیف ٹاون میں موجود مکان پر چھاپہ ماراتھا ، جس پر دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا تھا۔