اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)طبی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ9سے10گھنٹے لگاتار ایک جگہ پر بیٹھ کر کام کرنے سے خون کی شریانوں کے مسائل پیدا ہو تے ہیں اور پھر یہی مسائل موت کا موجب بن جاتے ہیں،تفصیلات کے مطابق یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا،کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق درمیانی عمر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا جلد
موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے کیونکہ وہ امراض قلب، فالج اور دیگر جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے،تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی صحت کے لیے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا نقصان دہ ہے تاہم اس عادت کے مضر اثرات زائل کرنے کے لیے ہر آدھے گھنٹے بعد کچھ دیر کے لیے کھڑا ہونا ضروری ہے۔ تحقیق کے مطابق ہر آدھے گھنٹے بعد کھڑے ہونا اور کچھ قدم چلنا زیادہ دیر بیٹھنے سے لاحق ہونے والے امراض اور موت کے خطرے کو کافی حد تک کم کردیتا ہے مگر مکمل طور پر نہیں،محققین کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو ایسی ملازمتیں کرتے ہیں، جن میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا ہوتا ہے، انہیں ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ کر چند قدم چلنا چاہئے اور اس طرح کی جسمانی سرگرمی دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ دیگر خطرات کم کرے گی،اس تحقیق کے دوران 45 سال سے زائد عمر کے لگ بھگ آٹھ ہزار افراد کا جائزہ لیا گیا،نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ گھنٹوں ایک جگہ بیٹھ رہتے ہیں اور ہلتے تک نہیں، ان میں موت کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے، محققین کے مطابق آج کل لوگوں کے اندر سست طرز زندگی کا رجحان بہت زیادہ بڑھ گیا ہے تاہم وہ اس کے نقصانات سے بچنے کے لیے ہر تھوڑی دیر بعد معمولی سی جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنالیںتاکہ آپ ایسی موت سے اپنے آپ کو بچا سکیں۔