فیصل آباد(این این آئی)تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ ڈی بلاک میں سسرالیوں نے بہو کو زندہ جلا دیا پولیس نے 6 روز بعد خاوند سمیت 3 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔تفصیل کے مطابق مدن پورہ کے رہائشی محمد شہباز نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اسکی بہن یاسیہ کی شادی 17نومبر 2018ء کو غلام محمد آباد
ڈی بلاک کے رہائشی محمد طیب سے ہوئی اور انکے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے پر اسکی بہن کا خاوند سے جھگڑا شروع ہوگیا اور آئے روز حالات کشیدہ ہونے لگے اور مارپیٹ کیساتھ اسکی بہن کو میکے سے رقم لانے کا کہا جبکہ 17جنوری کو میاں بیوی میں دوبارہ جھگڑا ہوا تو طیب نے بھائی امجد اور سسراعظم کی مدد سے یاسیہ بی بی کو آگ لگا کر انہیں اطلاع دی کہ یاسیہ کی حالت خراب ہے جب وہ وہاں پہنچے تو اسکی حالت غیر تھی جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال برن یونٹ لایاگیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جس پر پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔دوسری جانب تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ طارق آباد پل کے نیچے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران گولیاں لگنے سے 2 ڈاکو بھائی زخمی حالت میں پکڑے گئے‘پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے طارق آباد پل کے قریب شہری سے 18ہزار روپے‘موبائل فون چھین کر فرار ہوئے تو متاثرہ شہری نے ریسکیو 15پر کال کرتے ہوئے پولیس کو آگاہ کردیا جس پر چوکی طارق آباد پولیس کے موبائل اسکوارڈ نے فوری طور پر طارق آباد پل کے نیچے اور گردونواح
میں ناکہ لگا لیا اور مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو پل کے نیچے رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران موٹرسائیکل سوار دونوں ڈاکو زخمی ہوکر گرپڑ ے تو پولیس پارٹی نے گھیرا ڈال کر دونوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا زخمی ہونیوالے دونوں مبینہ ڈاکو بھائی سکے جن کی شناخت 38سالہ محمد حسن ولد منیر احمد اور 35سالہ جاوید ولد منیر سکنہ شکیل پارک کا نام سے ہوئی پولیس ذرائع کے مطابق چھینی جانے والی رقم‘موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرکے زخمی ڈاکو بھائیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیاگیا۔