اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) فلور ملز ایسوسی ایشن کل گندم کے چوکر پر سات فیصد سیلز ٹیکس کے خلاف ہڑتال کرے گی ، وفاقی حکومت نے فلور ملز ایسو سی ایشن سے کوئی رابطہ نہیں کیا ، ایف بی آر چوکر پر سیلز ٹیکس براہ راست وصول کرے ، فلور ملز ایسوسی ایشن کا مطالبہ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم کے چوکر پر سات فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف فلور ملز مالکان نے کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین میاں حسن کے مطابق چوکر کے دو بڑے خریدار پولٹری اور ڈیری ہیں۔ حکومت نے پولٹری کی صنعت کو سیلز ٹیکس سے مستثنیِ قرار دے دیا ہے جبکہ صرف ڈیری کی صنعت پر سیلز ٹیکس ہے۔ ان دو بڑے خریداروں کے درمیان تمیز کرنا فلور ملز کے لئے ممکن نہیں ہے ، فلور ملز ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولی بطور ایجنٹ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوکر پر سیلز ٹیکس ڈیری کی صنعت سے براہ راست وصول کرے۔