کراچی(نیوز ڈیسک)آئی ایم ایف اور ملٹی و بائی لٹرل ذرائع سے بھاری انفلوز کے باعث پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 51 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جس کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی سطح ملکی تاریخ کی بلندترین سطح 18 ارب 71 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 3 جولائی کو ختم ہفتے میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 71 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیے گئے۔اس دوران اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی جانب سے ای ایف ایف کی مد میں 506 ملین ڈالر سمیت ملٹی و بائی لٹرل ذرائع سے مجموعی طور پر 514 ملین ڈالر موصول ہوئے۔ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 13 ارب 8 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 13 ارب 53 کروڑ 52 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 5ارب11کروڑ33لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 5 ارب 17 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کیے گئے، اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک نے بیرونی قرضوں اور دیگر سرکاری ادائیگیوں کی مد میں 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھی دیے۔