لندن (این این آئی)کورونا وائرس سے متعلق پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب زیادہ تر افراد کو کم سے کم 5 ماہ تک دوبارہ کورونا نہیں ہو تا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماہرین نے کہا کہ ہر شخص کو کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ کچھ افراد ناصرف کورونا وائرس میں
دوبارہ مبتلا ہوسکتے ہیں بلکہ اس کے پھیلاو کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا سے صحت یاب افراد کے دوبارہ اس وبا میں مبتلا ہونے کاخدشہ 83فیصد کم ہے، لیکن یہ بات پریشان کن ہے کہ کچھ افراد کے کورونا وائرس کی علامات کے بغیر وبا میں دوبارہ مبتلا ہونے کاخدشہ ہے۔ماہرین کورونا کی نئی قسم اور موسمی نزلہ زکام پر بھی تحقیق کر رہے ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 32 لاکھ سے زائد ہو گئی جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 19 لاکھ 95 ہزار سے زیادہ ہوگئیں، کورونا کے 6 کروڑ 65 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپین میں کورونا سے مزید 201 ہلاک ہوئے جہاں تعداد 53 ہزار 79 ہو گئی جبکہ اٹلی میں کورونا سے مزید 522 اموات کے بعد تعداد 80 ہزار 848 ہوگئی۔ترکی میں کورونا سے مزید 170 اموات ہوئیں جس کے بعد تعداد 23 ہزار 495 ہوگئی ہے۔فرانس میں کورونا سے مزید 282 انتقال کر گئے، وہاں اب تک کورونا وائرس سے 69 ہزار 313 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکامیں کوروناسے مزید 2488 اموات کے بعد تعداد 3 لاکھ 96 ہزار 421 ہوگئی جبکہ بھارت میں کورونا سے مزید 159 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جہاں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 51 ہزار 924 ہوگئی۔