اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈا پہلے آیا یا مرغی ؟ یہ ایک بحث طلب سوال ہے تاہم ماہرین کے مطابق انڈے کے انسانی صحت پر اس قدر زبردست اثرات ہیں کہ جان کر آپ بھی اسے اپنی غذا کا حصہ ضرور بنائیں گے ۔ناشتے میں انڈے ہوسکتا ہے بیشتر افراد کو پسند ہوں اور یہ ہے بھی صحت کے لیے اہم غذا جو پروٹین، آئرن، امینو ایسڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔تاہم اگر روزانہ ایک
انڈہ کھایا جائے تو جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟اس کا جواب برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔برٹش ڈائیٹیٹکایسوسی ایشن کی تحقیق کے مطابق ایسی کوئی پابندی نہیں کہ آپ روزانہ کتنے انڈے کھا سکتے ہیں تاہم اگر یہ تعداد دو ہو تو زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس سے جسم کو 12 گرام پروٹین حاصل ہوتا ہے جبکہ وٹامن اے، ڈی ، بی، آئیوڈین اور دیگر اجزاءبھی ملتے ہیں۔تحقیق کے مطابق روزانہ ایک انڈہ کھانے سے متعدد طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سے جسمانی دفاعی نظام طاقتور ہوتا ہے، دانتوں ، ہڈیوں اور جلد کی صحت میں بہتری آتی ہے جبکہ انڈوں میں شامل امینو ایسڈز ذہنی تناؤ اور بے چینی میں کمی لانے میں مدد دے سکتے ہیں۔تاہم محققین کا کہنا تھا کہ انڈوں کو بہت زیادہ کھانا جسم میں اضافہ کیلوریز کا باعث بنتا ہے جبکہ غذائی عدم توازن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ انڈے کھانے سے پہلے انہیں اچھی طرح پکائیں کیونکہ کچے یا خراب انڈے فوڈ پوائزنگ کا باعث بن سکتے ہیں۔