اسلا م آباد(این این آئی)اسمبلیوں سے استعفوں کو نواز شریف کی واپسی سے مشروط کرنے سے متعلق ایک صحافی کے سوال پر چیئرمین پی پی نے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں ارکان نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا میں اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کر رہا ہوںآپ کے سوال کی تردید یا تصدیق نہیں کرسکتا،اجلاس میں رائے دینا ہر ممبر کا حق ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ
سی ای سی نے سینیٹ الیکشن فورم پر حکومت کو چیلنج کرنے کی رائے دی اسے پی ڈی ایم کے سامنے لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مردان کے جلسے میں پیپلز پارٹی کے نمائندے موجود تھے جلوس بھی نکلے مگر ان کو اسٹیج تک آنے کا موقع نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا ہوتا ہے اور خالی جگہوں کو دکھانے کا سلسلہ چلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت بھی ایک ساتھ ہیں ایک ساتھ رہے گی ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم نے استعفے دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ،ہوگا تو سامنے رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک سینیٹ الیکشن اور عمران خان کے جانے کا معاملہ ہے اس میں کوئی تکرار نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں شامل ہونا ہماری تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جانا ہے مگر کیسے جانا ہے اسے ابھی شیئر نہیں کرسکتے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری اور قمرالزمان کائرہ بھی موجود تھے ۔