اسلام آباد(این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اللہ ہی لائے گا تو وہ آئیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اب اتوار سے نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے، پہلا شناختی کارڈ مفت ہوگا
جو 15 دن میں بنے گا، پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کے دفاتر کھولے جائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل 2 ماہ میں حل کر لیے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کو کورونا کی کوئی پروا نہیں، اپوزیشن کو سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، 12 فروری سے الیکشن ہوسکتے ہیں، حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ تو سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہی پتہ چلے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے تو ان کی سیٹوں پر الیکشن کرا دیں گے، الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے دوران کسی بھی دن سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مجھ سے شرط لگا لیں، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، اسحاق ڈار اور نواز شریف کو اللہ لائے تو وہ آئیں گے کیونکہ ہمارا برطانیہ کے ساتھ قیدیوں کا کوئی معاہدہ نہیں، عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کر گیا تو ایسے قانون لائے گا کہ کرپٹ اور بے ایمان سیاست دانوں کی چیخیں نکلیں گی۔