لاہور(این این آئی، آن لائن)جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لئے تعینات کارکنوںنے لیگی رکن قومی اسمبلی ملک ریاض کو گیٹ پر روک لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ملک ریاض کو سکیورٹی کی ذمہ دار جے یو آئی کے انصارالاسلام کے کارکنوںنے روکا تاہم بعد ازاں شناخت ظاہر ہونے پر انہیں جلسہ گاہ
کے اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔دریں اثناجمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ و پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں پارٹی رہنمائوں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں جلسے کی کامیابی کیلئے حکمت عملی پر بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں راشد محمود سومرو، مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا قمرالدین سمیت دیگر شریک ہوئے ۔اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو پنڈال کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔مولانا فضل الرحمان کو مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سیاسی جنازے کو کوئی کندھا دینے کو بھی تیار نہ ہو گا۔اتوار کے روز پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ آج کا دن عوام کے محافظوں اورعوام دشمنوں میں فرق جاننے کا دن ہے۔حکومت دن رات شہریوں کو کورونا سے بچانے کے لیے مصروف عمل ہے لیکن پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا ٹولہ جلسے کی آڑ میں عوام کو کورونا کی دلدل میں دھکیلنے پر بضد ہے۔