بارسلونا(این این آئی )اسپین کے شہر بارسلونا کے چڑیا گھر میں 4 شیروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویٹرینری حکام نے بتایاکہ تین مادہ شیروں زالا، نیما ا ور رن رن جبکہ ایک نر شیر کیومبی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ جانوروں کی رکھوالی کرنے افراد نے شیروں میں کورونا کی علامات کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت نکلے ہیں۔حکام کے مطابق چڑیا گھر کے بلیوں کے خاندان(فلینائی)سے تعلق رکھنے والے جانوروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا دوسرا بڑا واقعہ ہے اوراس سے قبل امریکی چڑیا گھر میں شیر اور چیتوں میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ چڑیا گھر کے دو ملازمین کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے تاہم جانور کیسے کورونا سے متاثر ہوئے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسری جانب ہسپانوی چڑیا گھر کے حکام نے مدد کیلئے امریکا کے شہر نیویارک کے چڑیا گھر کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔حکام نے بیان میں کہا کہ کورونا سے متاثرہ شیروں کی انتہائی نگہداشت کی جارہی ہے اور ان میں فلو کی کم علامات ہیں جس کا علاج کیا جارہا ہے جبکہ شیروں میں سانس اور دیگردشواری نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پالتو جانوروں میں بھی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔