ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان میں سیاسی پارہ ہائی ہوگیا، اپوزیشن جماعتوں کے کارکن تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ گاہ پہنچ گئے، قاسم باغ کے گیٹ کے تالے توڑ دیئے۔ اپوزیشن جماعتوں جن میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے گیلانی ہاؤس سے قلعہ کہنہ
قاسم باغ تک ریلی نکالی، گھنٹہ گھر چوک پر پولیس سے آمنا سامنا ہوا اوراس موقع پر کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑبھی کی گئی۔ واضح رہے کہ ملتان میں اپوزیشن کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو درجنوں کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں یوسی کے سابق چیئرمین بھی شامل ہیں۔قلعہ کہنہ کو رات گئے پولیس کی جانب سے سیل کیا گیا، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے 30 نومبر کو قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے جلسے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔پنجاب حکومت پہلے ہی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کیئے جانے والے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر چکی ہے۔پی ڈیم ایم کے جلسے سے آصفہ بھٹو زرداری، مریم نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور دیگررہنماؤں نے خطاب کرنا ہے، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی جانب سے جلسے کے حوالے سے پلان بی اور سی بھی تیار کر لیا گیا ہے۔