لندن (نیوزڈیسک) یو این ریفیوجی ایجنسی نے کہا ہے کہ بحیرہ روم عبور کرکے جنوبی یورپ میں داخل ہونے والے مائیگرنٹس کی تعداد 2015ء کے پہلے چھ ماہ میں گزشتہ برس کی اس مدت کے مقابلے میں 83فیصد زائد ہے۔ جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یونان اٹلی، مالٹا اور سپین سے حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق جنوری سے جون تک 137000مائیگرنٹس آئے۔ گزشتہ برس یہ تعداد 75000تھی۔ اس طرح 83فیصد اضافہ ہوا۔ ان میں سے ایک تہائی شام سے تعلق رکھتے ہیں۔ یو این ہائی کمشنر فار ریفیوجیز نے کہا کہ ان مائیگرنٹس میں 11فیصد افغانی، 12فیصد اری ٹیرین ہیں۔ جبکہ بحیرہ روم عبورکرنے کی کوشش میں مرنے والوں کی تعداد اس مدت کے دوران 1867 رہی جو ایک سال قبل 588تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا کے مرنے والوں کی تعداد میں بے مثال کمی آئی ہے۔ کیونکہ صرف اپریل میں 1308 افراد ہلاک ہوئے تھے۔