اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیان بازی سے شہزاد اکبر کا قد نہیں بڑھے گا۔ نالائق وزیراعظم کو پتہ ہی نہیں کہ سندھ کا وزیراعلیٰ کون ہے۔
قادر پٹیل نے کہا کہ شہزاد اکبر قوم کا اس سوال کا جوا ب دے کہ انہوں نے گم شدہ افراد کو کتنی رقم میں بیچا ہے۔ کیا اس عمل کی قیمت پر انہیں مشیر داخلہ اور احتساب بنایا گیا ہے؟ قادر پٹیل نے کہا کہ شہزاد اکبر نیب کے چہرے پر بھی کالک کا داغ ہیں۔ بے نامی حکومت میں شہزاد اکبر جیسے بہروپیوں کا وزیر اور مشیر بننا کوئی حیران کن بات بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کا کردار محض کٹھ پتلی جیسا ہے اس لئے شہزاد اکبر جیسے بھیانک کردار بے نامی حکومت کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ شہزاد اکبر کا مشکوک انداز میں گمشدہ افراد کے ایشو پر نمودار ہونا اور اس کے بعد نیب اور داخلہ کے مشیر بننا ان کے شرمناک کردار پر سوالات اٹھا رہا ہے۔