اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے شیخ رشید کے دس سوالات کے جواب میں شیخ رشید سے بھی دس سوال پوچھ لیے ۔ایک بیان میں رانا ثناء ﷲ نے شیخ رشید پر آئین، قانون اور جمہوریت کا غدار ہونے کا الزام لگاتے ہوئے پوچھا کہ منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنے اور امپائر کی انگلی کا انتظار کرنے والا کون تھا؟رانا ثناء ﷲ نے سوال کیا کہ
فارن فنڈنگ اور بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے کس نے اور کہاں سے فنڈنگ کی؟۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف سے 10سوالوں کے جواب مانگ لیے۔ شیخ رشید نے جواب کیلئے سابق وزیر اعظم کو دو روز کی مہلت دی ہے البتہ یہ نہیں بتایا کہ پیر کو مہلت ختم ہونے پر کیا کریں گے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میاں نوازشریف سے جو دس سوالات پوچھے ہیں وہ ان کے پہلے دور حکومت سے لے کر اس وقت تک کے ہیں۔ شیخ رشید کا پہلا سوال: نوازشریف نے اسامہ بن لادن سے کتنی ملاقاتیں کیں اور بطور چندہ کتنی رقم لی؟ دوسرا سوال: خبر ایجنسی کو اجمل قصاب کے گھر کا پتہ کس نے بتایا اور اجمل قصاب کی معلومات کس نے بھارت کو فراہم کیں؟ تیسرا سوال: نوازشریف بیرون ملک جاکر دشمن ملک کے سربراہ مودی کو فون کیوں کرتے تھے؟ کیاانہیں پاکستان سے مودی کو فون کرنے میں یہ خطرہ تھا کہ ملکی سلامتی کیخلاف باتیں افشا ہو جائیں گی؟ چوتھا سوال: نوازشریف نے بیرون ملک سے مودی کو جتنی کالیں کی ان کی تعداد اور ایجنڈا کیا تھا؟ پانچواں سوال:سپریم کورٹ پر حملے کے لیے لوگوں کو لاہور سے اسلام آباد پہنچانے کے لیے بسوں کا انتظام کس نے کیا؟ ان لوگوں کو پنجاب ہائوس میں ناشتہ کس نے دیا؟ چھٹا سوال:وہ کون لیڈرہے جو عدالت پیشی کے لیے کورونا کا بہانہ کرتا ہے اور ملکی سلامتی کے اداروں کیخلاف طویل تقریریں کرتا ہے؟ ساتواں سوال: ڈان لیکس کے پیچھے کون تھا؟ نوازشریف نے اب اعتراف کیا ہے تو پہلے انکار کیوں کیا تھا؟ آٹھواں سوال:نوازشریف نے2013کے الیکشن میں کتنی رقم خرچ کی ؟ الیکشن کے لیے سیف الرحمان نے قطر سے کتنی رقم بھیجی؟ نواں سوال:مریم نواز کی نیب پیشی پر پتھراؤ کی منصوبہ بندی لندن میں کتنے دن میں ہوئی ؟ پتھروں کے تھیلوں کی وڈیو نشر ہونے سے روکنے کے لیے ٹی وی چینلز کو کتنے فون کیے گئے؟ دسواں سوال: بینظیر کی کردارکشی کے لیے حسین حقانی نے پیٹرگیرتھ کے جعلی خط پر جعلی دستخط کس کے کہنے پر کیے؟