اسلام آباد (این این آئی)ہائیکورٹ نے مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی ۔ بدھ کو چیف جسٹس ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے شہزاد اکبر کی مشیر داخلہ تعیناتی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے کہاکہ درخواست گزار شہزاد اکبر کو ہٹانے کی مناسب وجہ بتاسکے نہ ہی مواد پیش کرسکے، عدالت نے کہاکہ مشیر تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار، آئین میں کوئی معیار نہیں، وزیر اعظم کا اختیار جسے چاہیں مشورے کے لیے
مشیر لگائیں، درخواست گزار شہزاد اکبر کی نیب میں مداخلت کا کوئی ثبوت نہ دے سکا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ وزیر اعظم صدر کو 5 مشیر تعینات کرنے کا مشورہ دے سکتے ہیں، مشیر تعیناتی وزیر اعظم کا اختیار، آئین میں کوئی معیار مقرر نہیں۔آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت مشیر کی تعیناتی نیب پر اثر انداز نہیں ہوتی، نیب کو 1999 کے آرڈننس کے تحت وجود میں لایا گیا۔تحریری فیصلہ میں کہاگیاکہ مشیر کی تعیناتی سے نیب کو کس قسم کی ہدایت یا ڈکٹیشن نہیں دی جاسکتی۔