اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عمران فاروق قتل کیس میں جے آئی ٹی نے کام شروع کر دیا ، آج گرفتار ملزموں محسن اور خالد سے تفتیش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کام شروع کر دیا ہے۔ جے آئی ٹی چمن سے گرفتار ہونے والے ملزم محسن اور خالد سے آج باقاعدہ تفتیش کرے گی ، عمران فاروق قتل کیس میں ملوث تیسرے ملزم معظم علی کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو بھی اب تک ہونے والی تفتیش پر بریفنگ دی جا چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی ٹیم تینوں ملزموں کے بیانات کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنا چاہتی ہے۔ تینوں ملزموں کے بیانات کی ویڈیو ریکارڈنگ برطانیہ میں تفتیش میں معاون ثابت ہوگی۔اس سے پہلے ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس کے بعد انعام غنی نے پاکستان میں موجود سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں کیس کے حوالے سے اہم معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ تحفظ پاکستان ایکٹ میں ترمیم کے بعد ایف آئی اے کو ملنے والے اختیارات کے تحت ملزم محسن علی ، خالد شمیم اور معظم علی 90 روز کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں رہیں گے۔