اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کو بچانا ہے تو ان حکمرانوں کو نکالنا ہوگا۔پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم آمرانہ رویوں سے پہلے بھی لڑتے تھے
اب بھی لڑیں گے، ہمیں آپ کے حربوں سے کوئی خوف نہیں۔انہوں نے کہا کہ ذاتی اورپارٹی مفادات سے بالاتر ہوکرملکی مفاد کے لیے سوچنا ہوگا، یہ حکمران اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، ہم ملک کوآئین اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔سربراہ جے یو آئی کاکہنا تھا کہ پاکستان میں قرآن وسنت کے منافی قانون نہیں بن سکتا، ان حکمرانوں کی ہماری تہذیب سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے 70 سال کشمیریوں کی کیا جنگ لڑی ہے؟ کل سوچ رہے تھے کہ سری نگرکیسے لینا ہے آج سوچتے ہیں مظفرآباد کیسے بچانا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی اقدام کیا، کشمیر کے لیے مل کرجدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔