اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحصیل مشکے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران 13 دہشتگرد مارے گئے جب کہ ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے۔ترجمان ایف سی کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے جن میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سربراہ کا بھائی اور بھانجا بھی شامل ہے۔ دہشت گرد تربت، آواران اور مشکے میں سماج دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے۔واضح رہے کہ بی ایل ایف 2 فروری2009 کو کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی مہاجرین کے سربراہ اورامریکی شہری جان سولیکی کے اغوا کے بعد سامنے آئی جس نے مغوی کی رہائی کے بدلے گرفتار دہشت گردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔