اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان دودھ پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن گیا، گذشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کا شمار دودھ پیدا کرنے والے پانچ بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی (ٹنڈو جام) کی فیکلٹی آف اینیمل ہسبینڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز کے
شعبہ اینیمل ری پروڈکشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر پرشوتم کھتری نے کہا ہے کہ مالی سال 2018-19 کے دوران دودھ کی ملکی پیداوار 48 ملین ٹن سے بڑھ گئی اور پاکستان مسلسل کئی دہائیوں سے دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ دودھ کی کل ملکی پیداوار میں سے 75 فیصد دودھ کی پیداوار دیہی علاقوں کے چھوٹے فارمز سے حاصل ہوتی ہے جبکہ 25 فیصد پیداوار نیم شہری یا شہری علاقوں کے ڈیری فارمز سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دودھ کی مجموعی پیداوار میں بھینس کے دودھ کا حصہ 62 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری کے شعبہ کو مراعات کی فراہمی سے دودھ کی پیداوار میں اضافہ کے ذریعے نہ صرف مقامی ضروریات کی تکمیل کو ممکن بنایا جا سکتا ہے بلکہ دودھ اور اس کی مصنوعات کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔