اسلام آباد (این این آئی)ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی کم شدت کی ہوائیں جمعہ (شام ، رات) سے داخل ہونگی اور ہفتہ کو اس کی شدت میں مزیداضافہ ہوجائیگا، ہفتے کے روز مغربی ہوائوں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی امید ہے،اس کے باعث کشمیر ، گلگت بلتستان ، اسلام آباد ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں جمعہ (شام / رات) سے منگل تک آندھی اور گرج چمک کے
ساتھ بارش(چند مقامات پر موسلادھار بارش) کا امکان ہے۔ اس عرصے کے دوران موجودہ گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔بلوچستان کے مشرقی علاقوں (ژوب ، بارکھان ، لورالائی ، موسیٰ خیل ، سبی اور کوہلو) اور سندھ کے کچھ حصوں (سکھر ، جیکب آباد ، لاڑکانہ ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص) میں بھی ہفتہ (شام) اور پیرکے دوران گرد آلود ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔