اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام نجی ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ 50 فیصد بستروں کو رہائش اور مشاورت کے لیے مفت رکھا جائے ، علاج، لیبارٹری سروس، ادویات اور دیگر سہولیات کے پیسے بغیر
منافع وصول کیے جائیں۔دوسری طرف حکومت نے تمام نجی ہسپتالوں کو حکم دیا ہے کہ وہ کووڈ 19 سے متعلق تمام سہولیات کی ریٹ لسٹ اپنی ویب سائٹ اور ریسپشن پر لگائیں۔حکومت نے کہا کہ نجی ہسپتال ’آئسولیشن کے لیے بستر یا کمرے، ایچ ڈی یو، آئی سی یو اور وینٹیلیٹر کے ریٹس‘ سب کے علم میں لائیں۔دریں اثنا ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت میں آکسیجن کی سپلائی اور اس سے متعلق آلات کی ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کے خلاف سیکشن 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔ان ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں ہسپتال کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے۔