اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے، جنہوں نے کوروناکی تصدیق کے بعد خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا، قرنطینہ میں رہنے کے بعد یاسر نواز اور ان کے گھر والوں کے ٹیسٹ منفی آئے۔ اب معروف اداکار نے اپنا پلازمہ عطیہ کر دیا ہے، اس موقع پر انہوں نے لوگوں کو پیغام دینے کے لئے ویڈیو بنائی اور اس میں کہا کہ
پلازما عطیہ کرنا ثواب بھی ہے اور ایک نیکی بھی، اللہ تعالی نے آپ کو مشکل مرض میں ڈالا تھا اور اسی نے آپ کو اس سے باہر نکالا ہے تو آپ لوگوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ پلازما عطیہ کرکے انسانیت کا فرض ادا کریں۔ میرا ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ مجھے دیکھ کر دوسرے لوگ بھی اپنا پلازما عطیہ کریں اور دوسروں کی زندگی بچائیں، جس کا اجر آپ کو اللہ تعالی عطا کرے گا۔