نیو دہلی (آن لائن ) چین اور بھارت کے فوجی کمانڈروں نے مغربی ہمالیہ میں متنازع سرحد پر کامیاب مذاکرات کے بعد کشیدگی میں کمی لانے اور اعتماد بڑھانے کے لیے کئی فوجیوں کو سرحد سے واپس بلالیا ،غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق چین اور بھارت نے مذاکرات میں پیش رفت کی ہے۔
بھارتی عہدیداروں نے بتایا کہ مذاکرات کے نتیجے میں صورت حال کو معمول پر لایا جارہا ہے ،نئی دہلی میںحکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دونوں افواج نے اپنی تعداد کم کردی ہے لیکن اب بھی سپاہیوں ٹینکوں اور دیگر اسلحے کی بڑی مقدار سرحد پر موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ کسی حد حالات ٹھیک ہوئے ہیں اور معاملات کو حل کرنے کے لیے اگلے چند روز میں مزید مذاکرات ہوں گے جس کے لیے ہفتے بھی لگ سکتے ہیں ،بھارت کے ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ چینی فوج چند مقامات پر واپس گئی ہے اور گاڑیاں بھی واپس ہوئی ہیں اس کے باوجود بھی فوج کی بڑی تعداد موجود ہے ، نئی دہلی میں بھارتی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ چین کی جانب سے تقریباً 80 سے 100 ٹینٹ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے بھی 60 خیمے لگائے گئے ہیں دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘چین اپنی علاقائی خود مختاری کے تحفظ سمیت اپنے اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔