ریاض(این این آئی )دنیا بھر کی دوا سازی کی صنعت کی طرح سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کے علاج کی ویکسین کی تیاری پر کام ہورہا ہے اور دو جامعات میں اسلامی قانون کے مطابق کووِڈ19 کی ویکسین تیار کی جارہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جدہ میں واقع جامعہ شاہ عبدالعزیز کے ڈاکٹر انور ہاشم کے زیر قیادت سائنس دانوں کی ٹیم اور شاہ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے
تحت ادارہ سعودی ویکس مل کر ویکسین کی تیاری پر کام کررہے ہیں۔دنیا کے دوسرے ممالک میں اس نئے وائرس کے علاج کے لیے جو ویکسینیں تیار کی جارہی ہیں ، ان میں حرام اجزا بھی استعمال کیے جارہے ہیں۔ اس کے پیش نظر ہی سعودی عرب میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین میں ایسے اجزا شامل کیے جارہے ہیں، جن کی اسلام میں اجازت ہے تاکہ مسلمان اس کو کسی ہچکچاہٹ کے بغیر استعمال کرسکیں۔سعودی عرب میں بائیو ٹیکنالوجی کی پہلی نجی فرم سعودی ویکس کے بانی اور ویکسین کی تیاری پر کام کرنے والی ٹیم کے سربراہ پروفیسر مازن حسنین کا کہنا تھا کہ مسلم آبادی کے کووِڈ19 کی ویکسین میں شامل اجزا سے متعلق ہر طرح کی تشویش کو دور کرنے کے لیے ہی حلال اشیاء کا استعمال یقینی بنایا جارہا ہے۔