لندن (این این آئی)رواں سال اگست میں طے پائی جانے والی شادی وبائی بیماری کورونا وائرس کے سبب منسوخ کر کے ڈاکٹر اور نرس نے اسپتال ہی میں شادی کر لی۔عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب جہاں دنیا بھر میں شادی و دیگر تقریبات منسوخ ہو گئیں وہیں چند افراد اس وبا کو خاطر میں لائے بغیر اپنی زندگی کی اہم یادیں اکٹھی کرنے اور ان دِنوں کو یادگار بنانے میں مصروف ہیں ،
اسی سلسلے میں لندن کے اسپتال ’ لنڈنز اسٹریٹ تھومس ہوسپٹل‘میں ڈاکٹر اور نرس کی شادی کا دلچسپ واقعہ سامنے آیا جہاں اْنہیں شادی کے لیے خصوصی اجاز ت دی گئی تھی۔ لندن میں 34 سالہ نرس جین ٹپنگ اور 30 ڈاکٹر انالان نواراتنم کی شادی ہوئی، جہاں اْن کے مہمانوں اور گواہان نے لائیو اسٹریم کے ذریعے آن لائن شادی میں شرکت کی۔شادی شدہ جوڑے کے مطابق انہوں نے اپنی شادی کی منصوبہ بندی اس وقت کی تھی جب سب صحت مند اور حالات بہتر تھے، ٹپنگ اور انالان نے اپنی شادی اگست میں کرنے کا سوچا تھا، مگراْنہیں شادی کی منصوبہ بندی منسوخ کرنی پڑی کیوں کہ دونوں کے خاندان کے لیے اس وبا کی صورتحال میں بحافاظت شمالی آئر لینڈ اور سری لنکا سے آنا ممکن نہیں تھا۔