اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اپوزیشن جماعتیں آج لوڈشیڈنگ کے خلاف یوم سیاہ منا رہی ہیں ، سات جماعتیں مشترکہ پلیٹ فارم سے احتجاج کریں گی۔ لاہور میں پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جائے گا۔ کراچی میں شدید گرمی کے باعث ہلاکتوں اور ملک بھر میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف آج سات اپوزیشن جماعتیں احتجاج کریں گی۔ پنجاب میں ضلعی اور تحصیل سطح پر بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔ تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ق ، عوامی تحریک ، سنی اتحاد کونسل ، مجلس وحدت مسلمین اور جے یو پی کے درمیان اس سلسلے میں رابطے ہوئے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین ، پرویز الہی ، چودھری سرور ، منظور وٹو اور رحیق عباسی نے ٹیلی فونک رابطوں میں پنجاب میں مشترکہ احتجاج پر اتفاق کیا جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ پلیٹ فارم سے مظاہروں کا اعلان کیا۔ منظور وٹو کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ا?ج لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کریں گی۔ شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سینکڑوں لوگ مر رہے ہیں لیکن حکومت سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہے۔ چودھری سرور کہتے ہیں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے حکمرانوں کے تمام دعوے جھوٹے نکلے۔