لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزاؤں میںمعافی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے فیصلے سے تقریباًایک ہزار قیدیوں کی سزائیں معاف ہوںگی ۔انسداد دہشتگردی اورملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کے علاوہ6ماہ سے کم سزا والے قیدی
سی آر پی سی کی دفعہ 401کے تحت سزا ئوں میں معافی کے حقدار ہوںگے۔75فیصد سے زائد سزا کاٹنے والی قیدی خواتین جن کوماضی میںسزا نہ ملی ہوان کو بھی سزاؤں میں معافی ملے گی جبکہ ایک سال قید یا کم سز ا کے تحت جیلوں میں بند خواتین اوربچوں کی سزائیں بھی معاف کردی جائیں گی۔جرمانے اوردیت وغیرہ اداکرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے ایسے قیدی جو اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں انکی سزائیں بھی معاف کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزن رولز1978کی شق216کے تحت قیدیوں کی سزاؤں میں 60دن کی خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے۔دفعہ 302،394،395،396،364A اور365Aکے تحت سزا کاٹنے والے قیدیوں کویہ معافی نہیں ملے گی۔منشیات اورسمگلنگ کے جرم میں قید قیدیوں کو معافی نہیںدے جائے گی۔حدود آرڈیننس کے تحت سزا کاٹنے والے قیدیوں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت قید مجرموں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔پاکستان پینل کوڈ کے تحت انسانی جسم کو نقصان پہنچانے کا جرم کرنے والے قیدیوں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔ جاسوسی ،فرقہ واریت اورریاست کے مفادات کے منافی اقدامات کرنیوالے قیدیوں کو بھی 60دن کی معافی نہیں ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر خواتین ،بچوںاورمخصوص قیدیوںکیلئے جیل میں فری پی سی او کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔بچے ، خواتین اورمخصوص قیدیوں کو باری باری اپنے پیاروں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔وزیراعلیٰ کے حکم پر عید کے موقع پر بھی جیل میں بچوں ،خواتین اورمخصوص قیدیوں کو اپنے پیاروں سے بات کرنے کی مفت سہولت دی جائے گی۔ دہشت گردی اورریاست کے مفادات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کو پی سی او کی سہولت نہیں ملے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پرسحری میں قیدیوں کو روٹین مینیو کے ساتھ ابلا ہوا انڈا اورپراٹھا بھی دیااورافطار میں پھل اوردودھ دیاجارہاہے۔