اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نامور مصنف اور میزبان انور مقصود اور لیجنڈری اداکار معین اختر کی جوڑی آج بھی لوگوں میں اسی طرح مقبول ہے جیسے یادگار پروگرام لوز ٹاک کے زمانے میں تھی ، یہی وجہ ہے کہ انور مقصود کے بیٹے کی جانب سے انسٹاگرا م پر جاری ویڈیو میں بلال مقصود نے اپنے والد سے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے ان سے معین اختر کے حوالے سے سوال کیاہے کہ ’کیا آپ کو ان کی یاد آتی ہے؟
اس پر انور مقصود نے ایک شعر سناتے ہوئے کہا کہ معین اختر کی یاد نے انہیں آج تک نہیں چھوڑا، وہ32 سالوں تک معین اختر کے لیے لکھتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بڑے لوگ ہوتے ہیں وہ نظروں سے تو دور چلے جاتے ہیں لیکن ہوتے یہیں ہیں، معین اختر ہر گھر میں ہر کسی کے دل میں ہیں۔انور مقصود نے بتایا کہ اکثر وہ لوز ٹاک جیسا کوئی پروگرام لکھتے ہیں تو اپنا نام لکھنے کے بعد اگلی لائن میں معین اختر کا نام ہی لکھ دیتے ہیں لیکن پھر جب یاد آتا ہے اسے کاٹنا پڑتا ہے اور کسی اور کا نام لکھنا پڑتا ہے،انور مقصود کا اپنے ویڈیو پیغام میں نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ” یہاں نوجوانوں کو میں صرف ایک ہی نصیحت کرنا چاہوں گا کہ پیسے کا ہونا اور کمانا اچھی بات ہے لیکن کبھی بھی اس کے پیچھے مت بھاگنا! ہماری خواہشات تو زندگی پر بڑھتی ہی جاتی ہیں لیکن موجودہ وسائل کے ساتھ زندگی ایسے گزاریں کہ وہی آپ کے لیے کافی ہو۔دوسری جانب پاکستان میں ترکش ڈراموں کو بے حد پسند کیے جانے کے سوال کے حوالے سے انور مقصود کا کہنا تھا کہ ” پاکستان میں ترکی ڈراموں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میں صرف یہ کہوں گا کہ وہ تو ترکی ہیں لیکن ہم ٹھرکی ہیں اسی لیے ترکش ڈراموں کو بے حد پسند کیا جارہا ۔