لاہور( این این آئی) لالی ووڈ سٹار میرا نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران نیو یارک میں گزارے گئے دو ماہ کے عرصے کو کبھی بھلا نہیں پائوں گی اور یہ ایک ڈرائونا خواب ہے ،کورونا نے پوری دنیا میں تباہی مچائی لیکن امریکہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا اوروہاں اموات کی شرح سے سب خوفزدہ تھے ۔تین روز قبل وہ خصوصی پرواز سے واشنگٹن سے لاہور پہنچیں اور ایک نجی ہوٹل میں قرنطینہ اختیار کیا۔اس دوران اداکارہ
میرا کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ بھی کیا گیا جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔ایک انٹر ویو میں میرا نے کہا کہ میں خدا کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتی ہوں کہ خیرو عافیت سے اپنے وطن واپس پہنچ گئی ہوں اور مجھے دلی اطمینان اور سکون میسر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیو یارک میں گزارا گیا دو ماہ کا عرصہ اذیت سے بھرپور تھا او ر شاید ہی میں اس کڑے وقت کو بھلا پائوں گی اور میں اسے اپنی زندگی کا مشکل ترین وقت تصور کرتی ہوں۔